اے پروردگار جب تک ہماے گناہ معاف نہ ہوجائیں ہمیں اس شہر سے واپس نہ بلانا۔۔ اولڈ ہوم کی جانب سے عمرے کی سعادت حاصل کرنے والی مائیں دعا مانگتے ہوئے جذباتی ہوگئیں
چلیے چلیے میرے آقا ہو کر سوار ,آج تم کو بلاتا ہے پروردگار
آنکھوں میں خوشی کے آنسو اور شدت جذبات سے بھرائے ہوئے لہجے میں نعت پڑھنے والی یہ خاتون ان خوش نصیب ماؤں میں سے ایک ہیں جنھیں بنت فاطمہ اولڈ ہوم کی جانب سے عمرہ کی سعادت پر جانے کا موقع نصیب ہوا ہے۔
ادارے کی جانب سے اپلوڈ کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بس میں ایسی ضعیف خواتین بھی موجود ہیں جو بیماری یا کمزوری کے باعث خود چلنے پھرنے سے قاصر ہیں اور بعد میں انھیں وہیل چئیر کی مدد سے ہوٹل لایا گیا ہے۔
بنت فاطمہ فاؤنڈیشن کی جانب سے 10 خوش نصیب ماؤں کو عمرے کی سعادت کے لیے بھیجا گیا ہے ان ماؤں کو الوداع کہنے کے لیے اداکار سعود بھی ان کے پاس آئے تھے، سعود کا کہنا تھا کہ آپ سب خوش نصیب مائیں ہیں جو کہ یہ سعادت حاصل کر رہی ہیں۔ جبکہ انہوں نے اپنی والدہ کے لیے بھی ان خوش قسمت ماؤں سے دعا کی اپیل کی۔
ویڈیو میں ان خوش نصیب ماؤں کو اللہ کا شکر ادا کرتے دیکھا جاسکتا ہے اور ساتھ ہی اولڈ ہوم کے نمائندے سے ان کی گفتگو بھی دیکھی جاسکتی ہے۔