ذائقے میں لذیذ ہونے کے ساتھ زنگ بھی صاف کرتا ہے ۔۔ آلو کی مدد سے زنگ اور دوسری چیزوں کو صاف کرنے کے طریقے جانیں
ذائقے میں لذید آلو ہر کوئی شوق سے کھاتا ہے۔ یہ ایک ایسی سبزی ہے جو اکثر کھانوں میں ڈال کر استعمال کی جاتی ہے۔ آلو انسانی صحت کے لیے بھی بہت مفید ہے۔
آلو کے جہاں بے جا فوائد موجود ہیں وہیں یہ سبزی ایک اور کام میں استعمال آتی ہے جو آپ لوگوں کے لیے جاننا بہت ضروری ہے۔
جی ہاں، آلو کو ہم مختلف چیزوں کی صفائی کے لیے استعمال میں لا سکتے ہیں۔
*آلو سے کونسی چیزوں کا صاف کرسکتے ہیں؟
1- زنگ
زنگ ایک قسم کی بہت ضدی چیز ہے جو ایک بار کسی لوہے پر لگنا شروع ہوجائے تو اسے ختم کرنا کافی مشکل ہوجاتا ہے۔ لیکن اب زنگ سے نجات حاصل کرنا انتہائی آسان ہوگیا ہے اور آپ باآسانی آلو کی مدد سے قینچی، چاقو اور دیگر لوہے اور اسٹیل کی چیزوں کو واپس ان کی اصل حالت میں لاسکتے ہیں۔
آپ نے کرنا یہ ہے کہ ایک عدد آلو لیں اسے درمیان سے کاٹ کر آدھا کریں اور اوپر تھوڑا سا برتن دھونے والا صابن اور بیکنگ سوڈا اوپر سے چھڑک دیں۔ پھر آپ اس آلو کو زنگ آلود جگہ پر رکھ کر مساج کریں جب تک کہ یہ مکمل طور پر ختم نہ ہوجائے۔ بعد ازاں اسے پانی سے اچھی طرح دھولیں۔
2- شیشہ
اگر شیشے پر نشانات آگئے ہیں تو پریشان نہ ہوں۔ کچے آلو کا چھوٹا ٹکڑا لیں اور اسے کسی بھی گھر کے شیشے یا پھر اپنے عینک والے شیشے پر رگڑیں۔ کیونکہ آلو میں موجود نشاستہ شیشوں پر لگی گندگی کو صاف کرتا ہے۔
3- چھوٹے داغ مٹاتا ہے
سب کی پسندیدہ سبزی آلو کا ایک اور کرشمہ بھی آپ کو بتاتے ہیں۔ آدھے کچے آلو کو چکنائی کے داغ پر لگانے سے اس سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔
خیال رہے آپ نے اس عمل کو بار بار دہرانا بھی پڑے گا تاکہ اس کے نتائج سامنے آسکیں۔