عازمین حج کی مکہ آمد اور منیٰ روانگی کا طریقہ کار طے کر لیا گیا تفصیلات جاری
ریاض (این این آئی)سعودی وزارت حج و عمرہ نے اس سال عازمین حج کے استقبال کے لیے مکہ مکرمہ میں چار مراکز تیار کیے ہیں۔ مسجد الحرام جانے سے قبل حجاج کرام کا النواری، الزایدی، الشرائع اور الھدا میں خیر مقدم کیا جائے گا۔ خصوصی حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے بتایاکہ وزارت نے استقبالیہ مراکز میں عازمین کے استقبال کے تین طریقہ کار متعین کیے ہیں۔پہلا طریقہ یہ ہو گا کہ جو عازمین حج کمپنیوں کے ساتھ تعاون سے وزارت کی منظور شدہ بسوں سے پہنچیں گے۔ ان کے اجازت
نامے چیک کیے جائیں گے۔سمارٹ کارڈ شعائر کی ریڈنگ کی جائے گی پھر انہیں بسوں سے مسجد الحرام پہنچایا جائے گا جہاں وہ طواف قدوم کریں گے جبکہ بسیں ان کا سامان لے کر خیمے کا رخ کریں گی۔دوسرا طریقہ کار جو عازمین حج کمپنیوں کی بسوں سے استقبالیہ مرکز پہنچیں گے ان کی خیر مقدمی کارروائی مرکز میں ہوگی
پھر انہیں مقررہ بسوں سے مسجد الحرام لے جایا جائے گا۔تیسرا طریقہ کار، پرائیویٹ گاڑیوں سے انفرادی شکل میں آنے والے عازمین کے حوالے سے ہے۔ ان کا سامان کمپنی کے حوالے کیا جائے گا۔ انہیں مقررہ بسوں سے مسجد الحرام لے جایا جائے گا جہاں وہ طواف قدوم کریں گے۔ ان کا سامان متعلقہ کمپنی خیمے میں پہنچائے گی۔
ڈاکٹر مشاط نے بتایا کہ مکہ مکرمہ سے حج کرنے والے طواف قدوم نہیں کریں گے وہ مقررہ وقت پر استقبالیہ مراکز پہنچیں گے جہاں سے انہیں ان کے سامان کے ساتھ منی پہنچا دیا جائے گا۔استقبالیہ مراکز میں عازمین کے خیر مقدم کا آغاز 7 اور 8 ذی الحجہ کو ہوگا۔ اس حوالے سے تمام حجاج کو قافلوں کے سکیم پروگرام سے آگاہ کر دیا جائے گا ہر 20 حاجی پر ایک ہیلتھ کمانڈر تعینات ہوگا۔