لاہور میں رکشہ میں ماں بیٹی سے زیادتی کے ملزمان گرفتار
پنجاب پولیس نے واقعہ میں ملوث 2 ملزمان منصب اور عمر کو گرفتار کر لیا۔ آئی جی پنجاب کے مطابق مقدمہ میں ملزمان کے خلاف گینگ ریپ اور دہشت گردی سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئیں ہیں۔ سی سی پی او لاہور کے مطابق رکشہ کو قبضہ میں لے لیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ گزشتہ شب 15پر اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور فوری کارروائی عمل میں لائی گئی، پنجاب فارنزک سائنس لیبارٹری کی ٹیم نے موقع سے شواہد اکٹھے کئے جبکہ متاثرہ خواتین کا میڈیکل بھی کروایا گیا،
افسوس ناک واقعہ میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے میں پولیس کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی۔ ملزم عمر سابقہ ریکارڈ یافتہ نکلا ہے۔ اس کے خلاف تھانہ نواب ٹاؤن اور حویلی لکھا اوکاڑہ میں زنا کے مقدمات درج ہیں۔
چئیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ماں اور اس کی 15سالہ بیٹی کے ساتھ مبینہ زیادتی کا واقعہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے، چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیم متاثرہ فیملی سے رابطہ کرے گی، متاثرہ ماں بیٹی کو انصاف کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا۔