ن لیگ ووٹ خریدنے کیلئے حلقوں میں نوٹ تقسیم کر رہی ہے،لوگ پیسے لے لیں مہر بلا پر لگائیں، عمران خان


شیخوپورہ/لاہور(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن سے قبل ووٹ خریدنے کیلئے ن لیگ حلقوں میں دس دس ہزار روپے تقسیم کر رہی ہے،لوگ پیسے لے لیں مہر بلا پر لگائیں ،

لوٹوں پر بڑے نوٹ خرچ کیے جا رہے ہیں،کسی رنگ کا لوٹا اس جنون کا مقابلہ نہیں کر سکتا، 17 جولائی کو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا،25 مئی کو کارکنوں پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کا احتساب کریں گے، امریکا سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں مگر غلامی نہیں چاہتے، کشمیریوں کی قربانیوں کو نظر انداز کر کے بھارت سے دوستی نہیں کر سکتا، بات چیت کیلئے دروازے کھلے ہیں،بات الیکشن پر ہوگی ،آرمی چیف کی تقرری میرا ایشو نہیں رہا۔جمعرات کو ضمنی انتخاب کے حوالے سے شیخوپورہ کے حلقہ پی پی 140 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ میرا خاندان سیاست میں نہیں تھا، میں گھر سے اکیلا نکلا تھا آہستہ آہستہ قافلہ بڑھتا گیا، تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو سارے پاکستان میں ہے، مجمع دیکھ کر اپنے امیدوار کو مبارک دیتا ہوں وہ الیکشن جیت گئے ہیں، کوئی لوٹا آپ کا مقابلہ نہیں کر سکتا، کسی رنگ کا لوٹا اس جنون کا مقابلہ نہیں کر سکتا، لوٹوں پر بڑے نوٹ خرچ کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن حمزہ شہباز کے ساتھ مل کر لوٹوں کو ضمنی الیکشن جتوانے کی کوشش کر رہا ہے، حمزہ شہباز جو مرضی کر لو یہ الیکشن نہیں جیت سکتے۔ انہوںنے کہاکہ اپنے کارکنوں کو ہدایت دیتا ہوں ٹیم بنا کر میدان میں نکلیں تو کوئی شکست نہیں دے سکتا،کسی بھی رنگ کا لوٹا جنون کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔

سابق وزیر اعظم نے کہاکہ الیکشن کمیشن پوری طرح جانبدار ہے۔ عمران خان نے کہاکہ شیخوپورہ میں اپنے امیدوار خرم کو کہتا ہوں ووٹ لینے کیلئے آپ نے گھر گھر جانا ہے،مجھ پر 15 کے بجائے 15 ہزار ایف آئی آرز بھی درج کروا دیں میں پیچھے نہیں ہٹوںگا، کسی رنگ کسی سائز کا لوٹا آپ کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ انہوںنے کہاکہ سوشل میڈیا وکرز کو ڈرا رہے ہیں گھروں سے پکڑ رہے ہیں، عمران ریاض، ایاز امیر جیسے باضمیر صحافیوں پر

ظلم کیا جا رہا ہے۔پی ٹی آئی چیئر مین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ حلقوں میں دس دس ہزار روپے تقسیم کر رہی ہے، لوگوں کو کہتا ہوں پیسے ان سے بے شک لینا اور بلے پر ٹھپہ لگا دینا۔ سابق وزیر اعظم نے کہاکہ 25 مئی کو جو بھی واقعات میں افسران و اہلکار ملوث ہیں ایک ایک کا نام نوٹ کیا ہے، جب ہماری حکومت آئے گی ایک ایک کا احتساب کریں گے، آئی جی اور چیف سیکرٹری آپ ایماندار تھے اس لیے آپ کی تعیناتی کی۔

انہوںنے کہاکہ آپ لوگ جو حمزہ ککڑی کے ساتھ مل کر کر رہے ہیں اس کا حساب ہو گا، الیکشن میں آپ جتنی بھی غیر قانیونی چیز کر رہے ہیں اتنا ہی قانون کا سامنا کرنا پڑے گا، قوم آپ کو اب بخشے گی نہیں کیونکہ اب پاکستان بدل گیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ چین نے 35 سال میں 70 کروڑ افراد کو غربت کی لکیر سے نکال دیا، یہ کشمیریوں کی قربانیوں کو نظر انداز کررہے ہیں، انہیں کسی بھی طرح چوری کا پیسہ چاہیے، ان کے پیسے مغربی

بینکوں میں پڑے ہوئے ہیں، لندن میں بڑے محلات ہیں، پیسے کی خاطر یہ اسرائیل کو بھی تسلیم کرنے کیلئے تیار ہیں، مغربی بینکوں اور آف شور کمپنیوں میں ان کے پیسے پڑے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سابق صدر آصف علی زرداری اور مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے ہوتے ہوئے ہمارے ملک میں ڈرون حملے ہوئے، ان کی ایک بار بھی جرات نہیں ہوئی کہ امریکا کو ڈرون حملوں سے منع کریں، یہ کبھی اپنے مفادات کیلئے ملک کی

خاطر کھڑے نہیں ہوں گے، ان چوروں کی وجہ سے پاکستان ایک عظیم اور خوددار ملک نہیں بن سکا۔عمران خان نے کہا ہے کہ میں کشمیریوں کی قربانیوں کو نظر انداز کر کے بھارت سے دوستی نہیں کر سکتا، ہم بھی امریکا سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں مگر غلامی نہیں چاہتے، ہندوستان میں مجھے جتنی عزت ملی شاید ہی کسی پاکستانی کو ملی ہو، میں بھی چاہتا ہوں کہ ہندوستان سے دوستی ہو، کشمیری کی قربانیوں کی قبر پر ہندوستان سے دوستی

نہیں کر سکتا۔ انہوںنے کہاکہ امریکا کہتا ہے روس نہ جاؤ، امریکا سے پوچھتا ہوں روس نہ جانے کا منع کرنے والے تم کون ہوتے ہو،ہندوستان امریکا کا اتحادی ہے، امریکا کا اتحادی ہوتے ہوئے ہندوستان روس سے 30 فیصد سستا تیل خرید رہا ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ امریکا کا نام سن کر ان کی کانپیں ٹانگنے لگ جاتی ہیں، امریکا میں کوئی ضمانت پر ہو تو اسے چپڑاسی بھی نہیں رکھتے، یہاں ضمانت پر ہونے والے شخص کو وزیراعظم اور

بیٹے کو وزیراعلیٰ بنا دیا، امریکا نے 22 کروڑ عوام کی توہین کی ہے۔سابق وزیراعظم نے موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے باعث کسان بہت پریشان ہے اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے صنعت بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ مغربی بینکوں اور آف شور کمپنیوں میں ان چوروں کے پیسے ہیں جنہیں بچانے کیلیے یہ این آر او لے رہے ہیں۔قبل ازیں سینئر صحافیوں سے ملاقات میں غیر رسمی گفتگو کے

دوران سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہر ایک سے الیکشن پر بات کرنے کو تیار ہیں ، جو بھی بات کرنا چاہتا ہے تحریک انصاف کے دروازے کھلے ہیں، بات صرف الیکشن پر ہو سکتی ہے، جن کو مسلط کردیا گیا ہے ڈر ہے وہ ملک کا کیا حال کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی نہیں بلکہ ملک کی فکر ہے، آج عوام جن مشکلات سے دوچار ہے انکے لیے آواز بلند کررہا ہوں۔عمران خان نے کہا کہ میں اپنی فوج کو کبھی کمزور نہیں دیکھ سکتا ،

آرمی چیف کی تقرری کبھی بھی میرا ایشو نہیں رہا، سرحدوں پر ڈیوٹی دینے والے جوان میرے بچوں کی طرح ہیں، معیشت اور ملک کے ہر بحران کا بہتر حل الیکشن ہیں۔دریں اثناء سابق وزیراعظم سے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، حماد اظہر، میاں محمود الرشید، اعجاز چودھری نے بھی الگ سے ملاقات کی۔پی ٹی آئی عہدیداران نے عمران خان کو ضمنی انتخاب کے بارے میں بریفنگ دی۔ جس میں بتایا گیا کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف

علاقوں میں انتظامی مداخلت جاری ہے، پولیس اور ترقیاتی اداروں کا لوٹے امیدواروں کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن کو متعدد شکایات بھیجی ہیں کوئی ایکشن نہیں ہوا۔اس موقع پر پی ٹی آئی چیئر مین نے پارٹی عہدیداران کو ڈور ٹو ڈور مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، 17جولائی کو عوام بلے پر مہر لگائیں گے، امپورٹڈ حکومت کی معاشی ناکامیوں نے عوام کا برا حال کر دیا ہے، کرپٹ حکمران صرف اپنے کیسز کی فائلیں بند کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں