(ن) لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے 19 منحرف ارکان کے خلاف تحریک انصاف کا اہم فیصلہ
اسلام آباد(این این آئی) سابق وزیر فواد چودھری نے کہاہے کہ (ن) لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے 19لوٹوں کی تاحیات نااہلی کیلئے عدالت جا رہے ہیں،لیگی وزراء کی پریس کانفرنسز سے گھبراہٹ کا اندازہ ہو رہا ہے،حمزہ شہباز کا 100یونٹ پر بجلی مفت دینے کا اعلان فراڈ ہے،
24گھنٹے فرح کی تسبیح سے مسئلے حل نہیں ہونے ، دنیا کا ہر دو نمبرآ دمی شہباز شریف کا بزنس پارٹنر بنا ہے،بھارت میں صحافیوں کیساتھ بدترین سلوک ہورہا ہے، ان کے منہ سے ایک لفظ نہیں نکل رہا،عمران ریاض نے دلیری سے مصیبتوں کا مقابلہ کیا ، انشااللہ جلد رہا ہوں گے ،ظلم کی زنجیرٹوٹے گی۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ساون میں مینڈک باہرنکلتے ہیں آج کل (ن)لیگی وزراء نکلے ہیں، ان کی پریس کانفرنسز سے گھبراہٹ کا اندازہ ہو رہا ہے، اس وقت ن لیگ میں گھبراہٹ کاماحول چل رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ سے کہتا ہوں کہ آپ نے گھبرانا ہے، آپ کے آخری دن ہیں اپنے دن گننا شروع کردیں۔انہوں نے کہاکہ مریم نواز کی ٹوئٹ ہے پنجاب کی عوام کومفت بجلی دینا چاہ رہے تھے، آپ تومہنگی بجلی نہیں دے پا رہے مفت کیا دیں گے، اتنی مہنگی بجلی کے باوجود نہیں دے پا رہے لوگوں کوبیوقوف سمجھتے ہیں؟۔انہوں نے کہاکہ ایک بلب روزانہ رات کو جلائیں گے تو 100یونٹ ایسے ہی پورے ہوجائیں گے، حمزہ شہباز کا 100یونٹ پر بجلی مفت دینے کا اعلان فراڈ ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ 24گھنٹے فرح کی تسبیح سے مسئلے حل نہیں ہونے ، آپ اپنے دن گنیں ، دنیا کا ہر دو نمبرآ دمی شہباز شریف کا بزنس پارٹنر بنا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کی حکومت صرف10دن کی مہمان ہے ،
22جولائی کو پنجاب میں پی ٹی آئی اور (ق) لیگ کی حکومت ہوگی، (ن) لیگ ٹکٹ پر جو 19لوٹے الیکشن لڑ رہے ہیں ان کیخلاف ہائیکورٹ جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی 20سیٹوں پرالیکشن ہوناہے، ن لیگ کے ورکرز لوٹوں کوووٹ دینے کو تیار نہیں، پنجاب میں پی ٹی آئی کا مقابلہ آزاد امیدواروں کیساتھ ہے۔ بھارت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں صحافیوں کیساتھ بدترین سلوک ہورہا ہے، بھارت میڈیا کی طرف سے صحافیوں کی آواز دبائی جارہی ہے، ان کے منہ سے ہندوستانی صحافیوں کیلئے ایک لفظ نہیں نکل رہا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول کو وزیر خارجہ لگا دیا وہ کہتا ہے ہندوستان سے تعلقات بحال کرنے ہیں، پہلے ہندوستان میں ظلم کیخلاف تو آواز بلند کرو، ہندوستان میں مسلمانوں، مسیحی برادری پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، دنیا کا ہر مسلمان خصوصا پاکستان ہندوستان میں مسلمانوں پر ظلم کی مذمت کرتا ہے۔عمران ریاض کی گرفتاری کے حوالے سے سابق وزیر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا تھا ایک ہی کیس میں 17 ایف آئی آر ہوں گی تو ایک گرفتاری ہوگی، عمران ریاض کورات ایک عدالت سے دوسری پھرتیسری عدالت لیکرجایاگیا، عمران ریاض نے دلیری سے مصیبتوں کا مقابلہ کیا ہے ، انشااللہ عمران ریاض رہا ہوں گے اور ظلم کی زنجیرٹوٹے گی۔