گیلا تولیہ تو بستر پر ایسے پھینکتے ہیں جیسے کوئی محل کا راجہ ہو، نوکر آگے پیچھے ہوں ۔۔ شادی کے بعد ہر عورت کی جانب سے کی جانے والی مزاحیہ شکایات
شادی کے بعد خواتین اور مرد حضرات کی زندگی میں جہاں تبدیلیاں آتی ہیں وہیں آپس میں ایک دوسرے سے شکایات بڑھ جاتی ہیں۔ سوشل میڈیا پر کچھ وومن کارنر پیجز پر خواتین نے اپنی شادی کے بعد ہونے والے روزمرہ کے معاملات و واقعات اور نوک جھوک کو شیئر کرتے ہوئے اپنے تجربے بیان کیے ہیں۔ کچھ خواتین کہتی ہیں کہ:
” شادی سے پہلے اپنے موزوں کو ہفتے میں ایک بار دھوتے تھے، یہاں تو شادی کے بعد روزانہ شوہر کے گندے موزے دھونے پڑتے ہیں۔ گیلا تولیہ تو یہ بستر پر یوں ڈالتے ہیں جیسے پتہ نہیں یہ خود کسی محل کے مہاراجہ ہوں اور ہم نوکرانیاں ہوں ان کی جو ان کے گندے جوتے، میلے کپڑے، گیلے تولیے اُٹھا اُٹھا کر رکھیں. ”
مزاحیہ لہجے میں کچھ خواتین نے کہا: ” سارے میک اپ شادی سے پہلے کیے تھے، اب تو مجبوریاں چھپانے کے لیے میک اپ پر محنت کرنی پڑتی ہے۔ میک اپ کرنے بیٹھو تو شوہر کے ساتھ بچے بھی سروں پر کھڑے ہوتے ہیں۔ اب کسی کا واش روم دھلانا ہے تو کسی کو کپڑے پہنانے ہیں۔
” کچھ خواتین نے سنجیدگی سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ: ” شادی کے بعد عورت کا صرف نام ہی نہیں بدلتا بلکہ ہر ایک لمحہ بدل جاتا ہے۔ شادی کے بعد عورت کا جسم بھی تبدیل ہو جاتا ہے۔ دماغ بھی۔۔ شادی سے پہلے منہ پھٹ اور شادی کے بعد منہ بند ہو جاتا ہے۔ عورت شادی کے بعد چہرے پر خوشی لیکن آنکھوں میں آنسوؤں کو چُھپا لیتی ہے ”