ایک ساتھ تین روٹیاں بنائیں۔۔۔ کچن کے 5 ایسے راز جو کریں خواتین کی بڑی مشکل آسان

دن بھر باورچی خانے میں وقت گزارنے والی خواتین ہی جانتی ہیں کہ سارا دن گرمی میں کھانا پکانا کتنا مشکل کام ہے۔ اوپر سے یہ دھیان بھی رکھنا پڑتا ہے کہ کسی کو کھانے کے لئے انتظار نہ کرنا پڑے یا کچن زیادہ پھیل نہ جائے البتہ دن بھر کچن میں خدمات انجام دیتی ہماری خواتین کچھ ایسے گر بھی ڈھونڈ لیتی ہیں جن سے ان کی بڑی بڑی پریشانیاں منٹوں میں حل ہوجاتی ہیں۔ ہم نے بھی اپنے قارئین کے لئے کچھ ایسی گر کی باتیں ڈھونڈی ہیں جن سے آپ اپنی کچن کی کئی مشکلات آسان کرسکتے ہیں۔
 
1- ایک وقت میں تین روٹیاں
صبح ناشتے کے لئے دیر ہورہی ہو یا بچے کھانا کھانا چلا رہے ہوں، زیادہ وقت روٹیاں پکانے میں صرف ہوتا ہے اور اکثر تو ایسا ہوتا ہے کہ سالن تیار ہوتا ہے لیکن روٹیاں ڈالنے میں دیر ہوجاتی ہے تو اس کے لئے اسان طریقہ یہ ہے کہ ایک وقت میں تین روٹیاں ایک ساتھ بیلیں۔ اب آپ سوچیں گے ایسا کیونکر ممکن ہے تو اس کا طریقہ ہم آپ کو بتادیتے ہیں۔
 
 
روٹیوں کے تین پیڑے ایک ساتھ بنا کر رکھیں اور ایک پیڑے پر ہلکا سا تیل لگا کر دوسرا پیڑا اس کے اوپر رکھیں۔ اسی طرح دوسرے پیڑے پر ہلکا تیل لگا کر تیسرا پیڑا رکھیں۔ اب ان تینوں کو کناروں سے عام پیڑے کی طرح دبا کر بیل لیں۔ اس روٹی کو پکانے کے لئے توا درمیانی آنچ پر پہلے سے گرم رکھیں اور روٹی توے پر ڈال دیں۔ آپ دیکھیں گے کہ جیسے جیسے آٹا پکنے لگے کا تینوں روٹیاں ایک دوسرے سے الگ ہونے لگیں گی۔ یہ تینوں روٹیاں ایک ساتھ بھی پک سکتی ہیں اور آپ علیحدہ کرکے بھی سینک سکتے ہیں
 
2- فریج کی ناگوار بو
اکثر فریج میں زیادہ سامان یا سبزیوں کی وجہ سے کافی ناگوار بو پیدا ہوجاتی ہے جو فریج کو باقاعدہ صاف کرنے کے باوجود نہیں جاتی۔ اس بو کو ختم کرنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ ایک اخبار پر پانی چھڑکیں اور گیلے اخبار کو رات کے وقت فریج میں رکھ دیں اور سات آٹھ گھنٹوں بعد نکال کر پھینک دیں۔ فریج کی ساری بو اخبار اپنے اندر جذب کرلے گا اور فریج سے ناگوار بو کا خاتمہ ہوجائے گا
 
3- اسٹیل کے نئے برتن کا اسٹیکر
اسٹیل کے نئے برتن اورپلیٹوں پر اسٹیکر چسپاں ہوتا ہے جو اتنی مضبوطی سے چپکا ہوتا ہے کہ الگ کرنے پر برتن میں نشان پڑ جاتے ہیں۔ اس اسٹیکر کو الگ کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ دیگچی کو پانی ڈال کر ہلکا گرم کریں یا اگر پلیٹ ہے تو اس میں گرم پانی ڈال دیں اور تھوڑی دیر بعد اسٹیکر نکال لیں۔
 
4- سبزیاں تازی کیسے رکھیں
عام طور پر لوگ ہفتے میں ایک ہی دن جا کر پورے ہفتے کی سبزیاں لاکر فریج میں رکھ دیتے ہیں جو دو تین دن گزرنے کے بعد گلنا سڑنا شروع ہوجاتی ہیں۔ ان سبزیوں کو زیادہ دن تک تازہ رکھنے کا طریقہ یہ ہے کہ ان کی فالتو ڈنڈیاں کاٹ کر الگ الگ ٹشوپیپر میں لپیٹ کر ایئر ٹائٹ ڈبے میں ڈال کر فریج میں رکھیں۔ ٹشو پیپر۔ سبزیوں سے رسنے والا پانی اور فریج کی نمی اپنے اندر جذب کرلے گا اور سبزیاں زیادہ دنوں تک محفوظ رہیں گی
 
5- فوری بریڈ کرمز
فرائی کرتے ہوئے اگر بریڈ کرمز ختم ہوجایئں تو پریشان نہ ہوں۔ ااگر گھر میں تازہ ڈبل روٹی ہو تو اسے ہلکا ہلکا سینک کر گرایئنڈر میں ڈال کر پاؤڈر بنا لیں یہ بالکل سکھائی ہوئی بریڈ کے چورے جیسا ہی بنے گا

اپنا تبصرہ بھیجیں