بشریٰ بی بی کی آڈیو لیک کا معاملہ ،تحریک انصاف کا حیران کن ردعمل آگیا
لاہور (این این آئی/آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہاہے کہ دو پرائیویٹ افراد کی آڈیو لیک کرنا غیر اخلاقی، غیر قانونی اور غیر انسانی ہے۔سابق خاتون اول بشری بی بی کی آڈیو لیک پر فیاض الحسن چوہان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آڈیو لیک کا حال بھی توشہ خانہ اور دیگر الزامات کی طرح ہوگا، پریڈ گرانڈ کا کامیاب جلسہ آڈیو لیک کرنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آڈیو ویڈیو لیکس والی سیاست عمران خان کے مشن کا راستہ نہیں روک سکتی، عمران خان پوری جرات اور دلیری سے انجمن غلامان امریکا کا مقابلہ کر رہے ہیں، امریکی سازش کا شکار ہونے والے لوٹے غدار نہیں تو کیا ٹیپو سلطان کہلائیں جائیں۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ راولپنڈی اسلام آباد کے لاکھوں شہریوں کی جلسے میں شرکت عمران خان پر اعتماد ہے۔قبل ازیں سابق خاتون اول بشری بی بی کی اپنی کرپشن چھپانے کیلئے مخالفین کو”غدار“ثابت کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلوانے کی ہدایات پر مبنی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی ہے۔تفصیل کے مطابق سابق خاتون اول بشری بی بی کی لیک آڈیو وائرل ہوگئی ہے جس میںوہ سوشل میڈیا سیل کے انچارج کو اپنی کرپشن کو غداری کے پیچھے چھپانے کیلئے ہدایات دے رہی ہیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے آڈیو میں بشری بی بی کو پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا سیل ا نچارج ارسلان خالد سے گفتگو کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔بشری بی بی کہتی ہیں کہ۔آپ کا سوشل میڈیا ایک ہفتے سے بالکل بھی ایکٹو نہیں ہے۔ آج کل آپ کو بہت ایکٹو ہوناچاہیے۔یہ جیسے علیم خان ہیں اور کتنے لوگ بھی ہیں جو میرے، خان صاحب اور فرح کے حوالے سے بولیں گے انہوں نے اس سے بھی زیادہ گند اڑانا ہے کہ لوگ اس کی گواہی بھی دینگے۔یہ سب ایک پلاننگ کے تحت ہے ۔آپ نے اس کا ایشو نہیں بنانا۔جیسا خان صاحب نے آپ سے کہاتھا کہ
غداری کا ہیش ٹیگ استعمال کرنا ہے ۔ آپ نے اس سارے معاملے کو غداری کے ساتھ لنک کردینا ہے اور سوشل میڈیا پر لیٹر کو اٹھانا ہے کہ ہمیں پتہ ہے وہ لیٹر صحیح ہے۔بشری بی بی کہتی ہیں ہمیں پتہ ہے غداری کی وجہ سے یہ سارے اکٹھے ہوگئے ہیں اور اپنے آپ کو بچانے کیلئے یہ غداروں کے
ساتھ مل گئے ہیں اور غدار باہر کی قوتیں بھی ہیں وہ سارا آپ کو پتہ ہے۔وہ سوشل میڈیا ٹیم ہیڈ سے مزید کہتی ہیں کہ آج آپ نے روس کا معاملہ اٹھا ناہے کہ خان اور ملک کے ساتھ غداری ہورہی ہے اور اب اس معاملے کو دبنے نہیں دینا ہے اور اسکو ٹرینڈ بنادینا ہے ۔ ان کو بھی پتہ ہے کہ
ملک اور خان کے ساتھ غداری ہورہی ہے ان کا بیان بھی آیا ہے۔ وہ انچار ج کو مخاطب کرکے مزید کہتی ہیں کہ ان لوگوں نے میرے اور فرح خان کے متعلق بہت گند اڑانا ہے اس معاملے کو بھی آپ نے غداری سے لنک کردینا ہے کہ ہمیں پتہ ہے کہ یہ غداری کون کررہا ہے۔اس پر سوشل میڈیا ان سے کہتا ہے کہ
بالکل اسی طرح سے کرینگے کہ یہ سب کچھ اس وجہ سے کررہے ہیں کہ خو د غدار ہیں۔بشری بی بی کہتی ہیں یہ اس چیز کو پکڑنا چارہے ہیں کہ چکر کیا ہے کہ خان صاحب ہر چیز سے نکل رہے ہیں اور انکو چیزوں کا پتہ کیسے چل جاتاہے۔آپ نے اس چیز کو بھی غداری سے جوڑنا ہے۔