بیٹی کیوں پیدا ہوئی؟ مجھے بیٹا چاہیے ۔۔ بیٹے کی خواہش میں 7 دن کی بچی کو قتل کرنے والا باپ گرفتار

7 دن کی معصوم بچی جنت کو بے دردی سے گولیاں مار کر قتل کرنے والا ظالم باپ پکڑا گیا۔

میانوالی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اہم کارروائی کرتے ہوئے نومولود بچی کے باپ ملزم شاہزیب کو ڈسٹرکٹ بھکر سے گرفتار کرلیا۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق یہ کارروائی گزشتہ رات کی گئی۔ پنجاب پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے بعد آئی جی پنجاب نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر میانوالی کو تفتیش کی نگرانی خود کرنے اور ملزم کو عدالت سے سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے۔

22 سالہ شاہزیب نے 4 دن قبل اپنی 7 دن کی بیٹی کو فائرنگ کر کے اس وقت مارا جب اس کے رشتہ دار اسے بیٹی کی پیدائش پر مبارکباد دینے آئے تھے۔ اس واقعے کے عینی شاہد اور ملزم کے رشتہ داروں کے مطابق یہ بیٹی کی پیدائش پر خوش نہیں تھا اور بیٹا نہ ہونے کی وجہ سے اپنی بیوی سے بھی ناراض تھا۔

میانوالی کے قصبے داؤد خیل کا رہائشی شاہزیب اب پولیس کی پکڑ میں آچکا ہے۔ واقعے کے بعد بچی کی ماں ہوش میں نہیں ہے۔ گھر والے اسے نیند کی گولی دے دیتے ہیں اور پھر جب ہوش آتا ہے تو پھر پریشان ہوتی ہے۔ بچی کے ماموں کلیم اللہ نکے مطابق بچی کے باپ نے انٹر پاس کیا تھا اور ڈسپنسر کا کورس کر رکھا تھا لیکن وہ کچھ عرصے سے بے روزگار تھا اور نوکری کی تلاش میں تھا۔ ہم نے اس کو اس کی ہر خامی کے ساتھ قبول کیا لیکن یوں بچی کو مار کر اس نے اپنے اندر کی جاہلیت دکھا دی۔

ڈی پی او میانوالی اسماعیل الرحمان نے بتایا کہ: ” واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزم کی فوری گرفتاری کیلئے 3 ٹیمیں تشکیل دی گئیں، اسپیشل ٹیموں نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور ملزم شاہزیب کو ڈسٹرکٹ بھکر سے گرفتار کر لیا، ملزم کو تفتیش کے مراحل جلد مکمل کرتے ہوئے عبرت ناک سزا دلوائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں