جلسے میں کتنے آدمی تھے؟ تحریک انصاف کے اسلام آباد جلسے میں 10 لاکھ لوگوں کے لانے کا دعویٰ کتنا سچ ثابت ہوا؟

تحریک انصاف کے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ’امر بالمعروف‘ کے بڑے جلسے نے جہاں بہت سے لوگوں کی توجہ حاصل کی وہیں تحریک انصاف کی مخالف پارٹیز لوگوں کی حاضری سے متعلق اپنے دعوے کرتی نظر آئیں۔

وزیراعظم کے جلسے کے دوران مریم نواز کی ریلی بھی گجرانوالہ میں موجود تھی جہاں انہوں نے اپنے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے یہ کہا کہ جلسے میں دس لاکھ افراد لانے کا کہا تھا لیکن دس ہزار بھی نہیں آئے۔

وہیں کچھ ذرائع کا یہ کہنا ہے کہ لاکھوں افراد تو جلسے میں نہیں تھے مگر 50 ہزار کے لگ بھگ افراد وہاں موجود تھے۔

ٹی وی پر جلسے کے مناظر دیکھ کر یوں ہی لگ رہا تھا کہ شاید پاکستان تحریک انصاف ’امر بالمعروف‘ جلسے میں 10 لاکھ افراد جمع کرنے کا دعویٰ درست ثابت ہو گا۔

گذشتہ روز اتوار کو تمام میڈیا چینلز پر یہی موضوع زیر بحث رہا کہ حکومت پریڈ گراؤنڈ میں کتنے شرکاء لانے میں کامیاب ہوئی۔

اور تو اور اتوار کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کے دوران بھی تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے اس بات کا دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت آج 20 لاکھ لوگ جمع کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

لیکن سوال اب بھی یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا واقعی تحریک انصاف دس لاکھ افراد جلسے میں لانے کے لیے کامیاب ہوئی؟

بی بی سی کے مطابق اگر گوگل میپ کے ذریعے شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں اس مقام کی پیمائش کی جائے جہاں پر تحریک انصاف نے جلسے کا انعقاد کیا، تو یہ علاقہ پانچ لاکھ 74 ہزار 531 سکوائر فٹ پر محیط ہے۔

تو کیا اس مقام پر اتنے لوگ جمع بھی ہو سکتے ہیں۔ یہ جاننے کے لیے ہم نے’ میپ چیکنگ‘ نامی ایک ٹول کا استعمال کیا، جو کسی خاص مقام پر لوگوں کی گنجائش کا اندازہ لگا سکتا ہے۔

تحریک انصاف نے پریڈ گراؤنڈ کے جس حصے میں اپنے جلسے کا اہتمام کیا، ’میپ چیکنگ‘ کے مطابق رش کی صورت میں وہاں تقریباً ایک لاکھ 67 ہزار افراد کے جمع ہونے کی گنجائش موجود ہے۔

ایک اور رپورٹ کے مطابق ان اعداد و شمار سے ایک بات تو واضح ہے کہ تحریک انصاف نے پریڈ گراؤنڈ میں 10 سے 20 لاکھ افراد جمع کرنے کا دعویٰ کیا تھا تو وہاں رقبے کے اعتبار سے اتنا بڑا اجتماع کرنا ممکن ہی نہیں۔

نجی ٹی وی سماء نیوز کی معروف اینکر کرن ناز بھی جلسے میں موجود تھیں جنہوں نے اس بات کا جائزہ لیا کہ وہاں کتنے افراد تھے۔ انہوں اپنی رپورٹنگ میں بتایا کہ دس لاکھ لوگوں کے مجمعے کی بات کی جارہی تھی مگر صورتحال یہ ہے کہ اس وقت یہاں 3 ہزارسے زیادہ بندہ موجود نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں