رواں سال کے اختتام تک خام تیل کی قیمتیں کتنے فی بیرل ڈالر تک گر جائیں گی ؟ عالمی ماہرین نے پیش گوئی کر دی
لندن، اسلام آباد (آن لائن، این این آئی) عالمی مالیاتی ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ خام تیل کی قیمتیں رواں سال کے اختتام تک 65 ڈالر فی بیرل تک گر جائیں گی۔رپورٹ کے مطابق 2023ء کے اختتام تک خام تیل کی قیمت 45 ڈالر فی بیرل ہونے کی توقعات ہیں۔رپورٹ میں بتایا
گیا ہے کہ کساد بازاری سے محدود ہوتی طلب کے سبب خام تیل کی قیمتیں گر سکتی ہیں۔رپورٹ میں خام تیل کا آؤٹ لک اوپیک اور دیگر تیل پیدا کرنے والے ممالک کی مداخلت کے بغیر وضع کیا گیا ہے۔دوسری جانب عالمی کساد بازاری کے خدشے کے پیش نظر انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 6 ڈالر فی بیرل تک کمی دیکھنے میں آئی ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز عالمی منڈی میں برطانوی کروڈ آئل (برینٹ) کی قیمت 6.65 ڈالر فی بیرل یعنی 5.59 فیصد کم ہوکر 106.85 ڈالر پر آگئی۔اس کے علاوہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 5.65 ڈالر یعنی 5.2 فیصد کم ہوکر 102.78 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ماہرین کے مطابق تیل اور گیس کی قیمتوں میں ماضی قریب میں ہونے والے اضافے کی وجہ سے سرمایہ کاروں میں عالمی کساد بازاری کاخدشہ بڑھ گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی ایک اور وجہ ناروے میں آف شور ورکرز کی ہڑتال بھی ہے جس کے سبب تیل کی پیداوار میں 89 ہزار بیرل کمی متوقع ہے۔