شاہ رخ خان
بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان دنیا بھر میں اپنی جاندار اداکاری اور غیر معمولی شہرت سے جانے جاتے ہیں۔ کسی زمانے میں شاہ رخ خان بھی ایک سادہ اور عام گھرانے سے تعلق رکھتے تھے لیکن بعدازاں ان کی قسمت ایسی بدلی کہ آج دنیا کے دولت مند اداکاروں میں ان کا شمار ہوتا ہے۔
ایک پرانے انٹرویو میں شاہ رخ سے جب پروگرام کے میزبان نے سوال کیا کہ کچھ سال قبل آپ ایک درگاہ پر گئے تھے جہاں آپ کی جیب سے کسی نے کچھ پیسے چرا لیے تھے۔
میزبان نے اپنا سوال جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پھر کسی فقیر نے آپ سے بولا تھا کہ آج تو اپنے کھوئے ہوئے پیسوں کا سوچ رہا ہے لیکن آگے تمھارے پاس بہت سارے پیسے آنے والے ہیں۔ اور آپ کو شک اُس فقیر پر ہوا تو کیا کچھ ایسا تھا؟
شاہ رخ نے انٹرویو میں اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میری والدہ بہت علیل تھیں تو میں ان کی صحتیابی کے لیے ان کے ساتھ (درگاہ اجمیر شریف) گیا تھا۔ شاہ رخ خان نے کہا کہ ہم منت مانگنے کے لیے چادر چڑھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چادر لے کر جا رہے تھے اور میری والدہ نے میرے پاس 5 ہزار روپے رکھوائے تھے جو گم ہوگئے تھے۔
میں نے پیسے تلاش کرنا شروع کیے تو وہاں ایک فقیر بیٹھے تھے تو انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ کیا کچھ گم ہوگیا ہے کیا؟ میں نے جواب دیا کہ ہاں۔ پھر فقیر نے مجھ سے پوچھا کہ کیا ٥ ہزار روپے گم ہوگئے ہیں کیا؟ جس پر میں سوچ میں پڑگیا کہ انہیں کیسے معلوم کہ میرے 5 ہزار روپے گم ہوگئے ہیں۔
بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے بتایا کہ اس قفیر نے مجھ سے کہا کہ تو درگاہ آیا ہے اور یہاں سے خالی ہاتھ واپس نہیں جائے گا۔ اس فقیر نے مجھ سے کہا کہ تم نے پانچ ہزار روپے گنوائے ہیں تو 500 کروڑ روپے کمائے گا۔
شاہ رخ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے اس طرح کی باتوں پر یقین نہیں ہوتا کیونکہ ہم سب پڑے لکھے ہیں تو اس طرح یقین نہیں کرتے۔ لیکن جو درگاہ میں میرے ساتھ ہوا وہ فقیر بالکل درست تھے۔ انہوں نے کہا کہ اجمیر شریف کی دعا ہے مجھ پر۔