شہر کی تعمیر
شکاگو(Chicago) امریکہ کا ایک شہر ہے۔شکاگو کے لفظی معنی جنگلی پیاز (wild Onion) کے ہیں۔ پہلے یہ شہر اپنی گندگی اور جرائم اور ناقص مکانات کے لئے مشہور تھا۔اس لئے اس کا یہ نام پڑگیا۔ آج شکاگو ایک اعلیٰ درجہ کا خوب صورت شہر ہے۔
شکاگو کی جدید بتاریخ رچرڈ ڈیلی(Richard J. Daley) کی طرف منسوب ہے۔وہ 1902 میں پیدا ہوا، 1974 میں اس کی وفات ہوئی۔ 1955 میں وہ شکاگو کو میئر منتخب ہوا، اورآخر عمر تک وہاں کامیئر رہا۔میئر بننے کے بعد اس نے از سرنوشہر کا منصوبہ بنایا۔ اس نے قدیم شکاگو کو ہر اعتبار سے نیا شکاگو بنادیا۔
رچرڈ ڈیلی کی کامیابی کا خاص رازیہ تھا کہ اس نے شکاگو کی تعمیر جدید کو وہاں کے باشندوں میں سے ہر ایک کا ذاتی مسئلہ بنادیا۔اس نے ہر ایک کے اندر یہ زہن پیدا کیا کہ یہ کام مجھے کرنا ہے، اور میں ہی اس کو انجام دوں گا، اس نے شکاگو میں بسنے والے ہر ہر شخص یہ ماٹو دیا۔میں اس کو کروں گا۔
I Will do It
کسی بڑے تعمیری کام کے لئے یہ صحیح ترین ماٹو ہے۔ ہرآدمی کے اندریہ جذبہ ہونا چاہیئے کہ جب وہ کسی معاملہ کو دیکھے تو وہ سمجھے کہ یہ میری ہی ذمہ داری ہے۔یہ کام مجھ کو ہی انجام دینا ہے۔اگر سوسائٹی کے ہر فرد کے اندر یہ جذبہ ابھر اآئے تو اس کے بعد ہر منصوبہ کی تکمیل یقینی ہوجائےگی۔
شکاگو بظاہر ایک برانام تھا۔مگر اصل کام شہر کا نام بدلنا نہیں ہے بلکہ شہریوں کا مزاج بدلنا ہے ۔شہر کا نام بدلنا ایک بے نتیجہ کام ہے، لیکن اگر شہریوں کے مزاج کو بدل دیا جائے تو ایک تباہ حال شہر بھی ایک اچھا شہر بن جائے گا۔
دوسروں کے خلاف نعزہ سماج میں اکھیڑ پچھاڑ پیدا کرتا ہے۔اپنے لئے نعرہ سماج کو ترقیاتی سرگمیوں کی طرف لے جاتا ہے، پہلے قسم کے نعرے سے لیڈر کی شخصیت بنتی ہے اور دوسری قسم کے نعرہ سے ملک بنتا ہے، پہلا نعرہ تخریب ہے اور دوسرا نعرہ تعمیر ہے۔