عمر زیادہ ہونے کی وجہ سے سروگیسی کا عمل اپنایا جارہا ہے۔۔ سروگیسی بھارت میں مقبول لیکن پاکستان میں منع کیوں ہے؟
اولاد خدا کی بہت بڑی نعمت ہے لیکن اکثر لوگ اس نعمت سے صرف اس لئے بھی محروم رہ جاتے ہیں کیونکہ ان کی شادیاں زائد عمر میں ہوتی ہیں اور ان میں والدین بننے کی صلاحیت کم رہ جاتی ہیں۔ دنیا بھر میں اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے سروگیسی کا عمل عام ہورہا ہے۔ آج ہم اس آرٹیکل میں جانیں گے کہ یہ کیا ہے؟
سروگیسی کیا ہے؟
سروگیسی میں وہ جوڑا جو والدین بننا چاہتا ہے اس کے ضروری عناصر لے کر ایک ایسی خاتون میں منتقل کیے جاتے ہیں جو ماں بننے کی اہلیت رکھتی ہوں۔ سروگیسی کی مقبولیت کی وجہ یہ ہے کہ اس میں جینیاتی طور پر ماں اور باپ وہی رہتے ہیں جنھیں اولاد کی خواہش ہوتی ہے لیکن 9 ماہ اس بچے کو اپنے جسم میں پرورش کسی اور عورت کے زریعے دی جاتی ہے۔
بھارت میں مقبول
دنیا بھر میں سروگیسی کے عمل کو مقبولیت ملتی جارہی ہے خاص طور پر اداکار اور اداکارائیں جو اپنے کیرئیر یا مصروفیات کے باعث والدین بننے سے محروم رہ جاتے ہیں اس عمل کے زریعے والدین بننے کی خواہش پوری کررہے ہیں۔ ان میں بھارتی اداکار سرِفہرست ہیں جن میں شاہ رخ خان، تشار کپور، پریتی زینٹا جیسے بڑے نام شامل ہیں۔
پاکستانی معاشرہ، قانون اور سروگیسی
پاکستان میں سروگیسی ایک ناپسندیدہ عمل سمجھا جاتا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ مذہب اسلام خاندان کو فطری طریقوں سے بڑھائے جانے پر زور دیتا ہے۔ سروگیسی کے حوالے سے علماء کی رائے کے مطابق یہ عمل درست نہیں۔ پاکستانی معاشرے کے علاوہ قانون بھی اسے قبول نہیں کرتا۔