والدہ کو اسپتال لے کر جانا تھا لیکن اجازت نہیں دی ۔۔ لاہور میں قذافی اسٹیڈیم کے قریب سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے شہری رُل گئے
پاکستان سپر لیگ سیزن 7 کے بقیہ میچز لاہور منتقل ہوچکے ہیں اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر حکومت پاکستان کی جانب سے لاہور شہر میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں تاکہ کسی ناگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
لیکن وہیں شہر بھر میں سیکیورٹی بڑھانے اور سڑکیں بلاک کرنے کے باعث لاہور شہر کے باسیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 7) منعقد کروانے اور خاص طور پر شہر میں عوامی نقل و حرکت سے متعلق محکمے بد انتظامی کا شکار ہونے پر گلبرگ اور قذافی اسٹیڈیم سے متصل علاقوں میں مقیم افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
خبرکے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ حالات قابو سے باہر ہو رہے ہیں،کرکٹ ٹیموں کی آمد اور روانگی کے اوقات پر شہریوں کو گھنٹوں گھروں تک محدود رکھنے کا۔
ڈان ویب سائٹ کے مطابق ایک شہری نے بتایا کہ خصوصی اوقات میں سڑکیں بند کرنے، ٹریفک اور نقل و حرکت روکنے سمیت دیگر کارروائیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے کوئی خاص منصوبہ بندی نہیں گئی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ ایسا لگتا ہے کہ ’اہلکار یہاں صرف ٹیم کی سیکیورٹی کے پیش نظر سڑکیں بند کرنے کے لیے ہی موجود ہیں، جبکہ علاقے میں داخل اور یہاں سے باہر جانے والوں کو سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔
ایک اور شہری کا کہنا تھا کہ میں اپنی والدہ کو ڈاکٹر کے پاس لے کر جارہا تھا لیکن ٹریفک پولیس نے سڑکیں بند کردیں، میں نے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں سے التجا بھی کیں لیکن انہوں نے مجھے جانے کی اجازت نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ عہدیداران نے مجھے اپوائمنٹ کا وقت تبدیل کروانے پر مجبور کیا، جو قابل افسوس عمل ہے۔
اسٹیڈیم سے متصل علاقے کے ایک اور رہائشی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے پڑوسی کے ہمراہ ڈیوٹی پر موجود افسر کو ثبوت دیا کہ وہ گلبرگ کے مکین ہے، انہوں نے اپنا شناختی کارڈ دکھایا لیکن افسر نے انہیں علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیوٹی پر تعینات افسران نے ان سے خراب رویہ اختیار نہیں کیا، وہ خاموش رہے۔