وزیر اعظم کا امریکہ کو اڈے دینے سے صاف انکار سوشل میڈیا پر ABSOLUTELYNOT ٹاپ ٹرینڈبن گیا
وزیراعظم عمران خان نے امریکا کو افغانستان میں کارروائی کے لیے اڈے دینے سے صاف انکار کر دیا۔ غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے واضح کر دیا کہ افغانستان میں ایکشن کے لیے کسی کو بھی پاکستانی زمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے
یہ ممکن ہی نہیں کہ ہم امریکا کو افغانستان میں ایکشن کے لیے پاکستان میں اڈے دیں۔ گذشتہ دنوں پاکستانی اور غیرملکی میڈیا میں پاکستان کی جانب سے امریکا کو زمینی و فضائی راستہ فراہم کرنے کی رپورٹس سامنے آئی تھیں جن کی دفترخارجہ نے
بھی تردید کی تھی۔ اس سے قبل سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں امریکی اڈوں کی خبر کو واضح الفاظ میں بے بنیاد کہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ہوتے ہوئے امریکی اڈا پاکستان میں نہیں بنے گا۔
اس انٹرویو کے بعد مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر سمیت دیگر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ہیش ٹیگ AbsolutelyNot# ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے۔ ٹویٹر صارفین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے بہادری اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکہ کو اڈے دینے سے صاف انکار کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنا دو ٹوک موقف پیش کر دیا ہے۔ اس بیان کے بعد ہو سکتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جان کو خطرات لاحق ہو جائیں، لیکن انہوں نے امریکہ کو اڈے دینے سے صاف انکار کر کے جرات کا مظاہرہ کیا جو آج سے قبل کسی پاکستانی حکمران میں نہیں تھی،
یہی وجہ تھی کہ امریکی صحافی بھی عمران خان کے اس کھرے جواب پر حیران ہوا۔ٹویٹر پر کپتان کے فالوورز کا کہنا تھا کہ سپر پاور کو آنکھیں دکھانا، خان جیسے لیڈر کے لیے خطرے سے کم بھی نہ ہو گا، لیکن خان صاحب کا وعدہ تھا کہ میں اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے نہیں دوں گا۔