وہ بیچارا بھوکا تھا، کھانا لینے گیا تھا، لیکن واپس نہ لوٹا ۔۔ یوکرین میں پڑھنے والا طالبِ علم گولہ باری کی وجہ سے ہلاک ہوگیا
یوکرین میں زیرِتعلیم بھارتی طالبِ علم صرف اس لیے ہلاک ہوا کیونکہ وہ بھوکا تھا اور کھانا لینے کے لیے باہر گیا تھا۔ وہ کھانا لینے کے لیے نکلا تو گولہ باری کی زد میں آگیا اور اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کے شہر خارخیو میں ایک انڈین طالبعلم جو شہر میں کرفیو ختم ہونے کے بعد منگل کی صبح بنکر سے نکل کر کھانا لینے کے لیے اپنے ہوسٹل سے قریبی سپر مارکیٹ گیا تھا۔ وہ ابھی راستے میں ہی تھا کہ گولہ باری شروع ہوگئی اور وہ مرگیا۔ ہلاک ہونے والے طالبِ علم کا نام
نوین ایس گیناگودر تھا جو یوکرین کے دار الحکومت خارخیو کی نیشنل میڈیکل یونیورسٹی میں پڑھتا تھا۔ نوین کے دوست نے بتایا کہ: نوین کے مرنے سے تھوڑی دیر پہلے میری اس سے بات ہوئی تھی۔ اس نے مجھے صبح 8 بجے فون کیا اور کہا کہ میں اس کے اکاؤنٹ میں رقم ٹرانسفر کردوں کیونکہ ہم سب بھوکے تھے۔ اس لیے نوین نے کہا مجھے پیسے دو میں جا کر سب کے لیے کھانا خرید لوں تاکہ جب تک حالات صحیح نہ ہوں ہم کھانے کا انتظام کرلیں۔
وہ کھانا لینے کے لیے نکل گیا۔ بہت دیر ہوئی وہ واپس نہ آیا تو میں نے اس کو دوبارہ فون کیا لیکن وہ میرا فون نہیں اُٹھا رہا تھا۔ میں نے کئی بار رابطہ کرنے کی کوشش کی۔ بعد میں کسی نے فون اٹھایا اور وہ یوکرینی زبان میں بات کر رہا تھا لیکن مجھے سمجھ نہیں آ رہی تھی۔ پھر میں نے اپنے شیلٹر میں موجود چوکیدار سے اس شخص کی بات کروائی تو اس نے یوکرینی زبان میں بتایا کہ نوین کی موت ہوچکی ہے۔ اس پر مجھے یقین نہیں آ رہا تھا۔ میں خود سپر مارکیٹ تک گیا۔ وہاں کوئی دھماکہ نہیں ہوا ہے۔ ہم لوگ بھی شیلٹر سے نکلنے کی پلاننگ کر رہے ہیں کیونکہ یہاں روسی گولہ باری میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ نوین بہت اچھا اور محنتی طالبعلم تھا۔ اس نے اپنے تیسرے تعلیمی سال میں 95 فیصد نمبر حاصل کیے تھے۔وہ سب کی مدد کرنے والا اور ہمدرد تھا۔ افسوس ہوا کہ ہم نے ایکا چھا دوست کھودیا۔
واضح رہے کہ نوین گیناگودر کا تعلق ریاست کرناٹکا کے ضلع ہویری سے تھا۔ اس کی موت کے بعد فیس بُک اور ٹوئٹر پر ہر جگہ ہیش ٹیگ نوین میڈیکل ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔ لیکن تا حال یہ حتمی طور پر نہیں بتایا جا سکتا کہ آخر نوین کی موت کس وجہ سے ہوئی جبکہ قریبی مارکیٹ میں حملہ نہیں ہوا۔ یہ وجہ بھی ہوسکتی ہے کہ نوین کسی دور کی جگہ پر گیا ہو کیونکہ مختلف جگہوں پر بمباری کی جا رہی ہے۔ پچھلے ہفتے یوکرین پر روسی حملے کے بعد یوکرین میں پھنسے ہوئے کئی طالبعلم ٹوئٹر پر پیغامات کے ذریعے اپنے حالات بتا رہے ہیں۔ انڈیا بھی اپنے شہریوں کو وہاں سے نکالنے کے لیے مکمل کوششیں کر رہا ہے۔