پنجاب پولیس کی کامیاب کار وائی۔۔۔
ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ چنگچی میں لڑکی سے غیراخلاقی حرکت کرنے والے نوجوان کی شناخت ہوگئی۔
ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے گزشتہ روز سامنے آنے والی ویڈیو میں چنگچی رکشہ میں لڑکی کے ساتھ غیراخلاقی حرکت کرنے والے نوجوان کی شناخت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رکشے والے واقعے میں بظاہر لڑکے کی شکل نظر نہیں آئی تاہم سی سی ٹی وی کیمروں سے لڑکے کی نشاندہی کرلی گئی۔ فیاض چوہان نے کہا کہ میری آئی جی سے صبح بھی بات ہوئی تھی، ایک بات طے شدہ ہے ملزم بچ نہیں سکتا، بچوں اور بچیوں سے جو بھی زیادتی کرے گا وہ بچ نہیں سکے گا
جب کہ مجمع کی صورت میں اگر کوئی ظلم کرے گا تو اسے بھی نہیں چھوڑیں گے۔ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ گریٹراقبال پارک کے واقعے کے وقت 28 ہزار لوگ تھے، بچی کے ساتھ موجود مجمع کو ٹریس کرلیا گیا ہے، 354 کی دفعہ لگائی گئی ہے جس کی سزا سزائے موت ہے، گریٹر اقبال پارک کیس میں 28ہزار افراد کی جیو فینسنگ کی گئی، واقعہ میں ملوث 350افراد کو ٹریس کر لیا گیا ہے اور 100 کے قریب افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ دو چار لوگ نشان عبرت بنیں گے
تو ماں باپ کے ساتھ اولاد بھی سوچے گی، اس طرح کے شیطان غلط حرکت کرنے سے پہلے سوبار سوچیں گے۔ واضح رہے 14 اگست والے دن گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر لڑکی کے واقعے کے بعد گزشتہ روز ایک اور لڑکی کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک اوباش نوجوان چنگچی رکشہ میں سفر کرنے والی لڑکی کو بوسہ دے کر فرار ہوجاتا ہے۔