میں ڈبل روٹی کو انڈے میں رات بھر بھگوتی ہوں۔۔ صنم جنگ نے بتائیں بچوں کا کھانا تیار کرنے کی ایسی ٹپس جو ہر ماں کو لازمی پتہ ہونی چاہئیں
میری بیٹی انڈا نہیں کھاتی تو میں اسے فرینچ ٹوسٹ میں انڈا ڈال کر دیتی ہوں تاکہ اسے پتہ نہ چلے اور صرف دیسی انڈا کھلاتی ہوں تب جاکے میرے دل کو تسلی ہوتی ہے“
یہ الفاظ ہیں مشہور اداکارہ صنم جنگ کے جو اپنی چھوٹی سی بیٹی علایہ کی صحت کے حوالے سے کافی فکرمند رہتی ہیں اور اس کے لئے اکثر خود ہی کھانا پکاتی ہیں۔ صنم جنگ نے اپنے نئے وی لاگ میں بتایا کہ ان کی بیٹی آملیٹ کھاتی تھی لیکن پھر اس نے وہ بھی کھانا چھوڑ دیا تو وہ پریشان ہوگئیں کہ اسے انڈا کیسے کھلائیں کیوں کہ اس عمر کے بچوں کے لئے انڈا ایک بھرپور غذا ہے۔ اس کے بعد انھوں نے اپنی بیٹی کو فرینچ ٹوسٹ میں ہی پورا انڈا کھلانے کا سوچا۔
ڈبل روٹی کو انڈے میں رات بھر بھگوتی ہیں
صنم جنگ کہتی ہیں کہ ایک پھینٹے ہوئے انڈے میں تو تین چار فرینچ ٹوسٹ بن جاتے ہیں جبکہ ان کی بیٹی صرف ایک ہی بریڈ کھاتی ہے۔ اس لئے وہ رات کو انڈا پھینٹ کر ڈبل روٹی کو اس میں بھگو دیتی ہیں جس کے بعد ڈبل روٹی انڈے کو اچھی طرح اپنے اندر جذب کرلیتی ہے۔
بیٹی کو گھر پر دیسی گھی بنا کر کھلاتی ہیں
صنم نے بتایا کہ وہ بیٹی کے لئے براؤن بریڈ استعمال کرتی ہیں اور انڈا صرف دیسی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ جس حد تک ہوسکے اپنی بیٹی کو دیسی خوراک کھلانے کی کوشش کرتی ہیں۔ پہلے انھوں نے چینی کی جگہ گڑ اور شہد بھی ٹرائی کیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ عام تیل یا گھی کے بجائے علایہ کو صرف دیسی گھی دیتی ہیں جس کا طریقہ وہ اپنے پچھلے وی لاگ میں بتا چکی ہیں۔