ڈالر مزید سستا ہو گیا
اسلام آباد، نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)انٹر بینک مارکیٹ میں دن کے آغاز سے ہی ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی جارہی ہے اور 1 ڈالر 204 روپے50 پیسے کا ہوگیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر مزید 20 پیسے سستا ہوا ہے جبکہ دوران ٹریڈنگ ڈالر
کی قدر میں 62 پیسے کمی دیکھی گئی ہے۔دوسری جانب تیل کی زیادہ قیمتوں سے افراطِ زر کے خدشات کے سبب بھارت کی کرنسی امریکی ڈالر کے مقابلے میں تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے حالانکہ مرکزی بینک نے وقفے وقفے سے ڈالر کو فروخت کرکے نقصانات کو محدود کرنے میں مدد کی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈالر کے مقابلے میں بھارتی روپے کی قدر 0.6 فیصد گر کر 78 روپے 77 پیسے ہو گئی ہے جو تمام تر سابقہ ریکارڈ کو توڑ کر گزشتہ ہفتے 78 روپے 39 پیسے ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ اہم ایکوٹی انڈیکس ‘نفٹی 50’ میں بھی 0.4 فیصد کی کمی ہوئی۔بھارت اپنی تیل کی ضروریات کا دو تہائی سے زیادہ درآمد کرتا ہے، خام تیل کی بْلند قیمتیں ملکی تجارتی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے ( سی اے ڈی) میں اضافے اور درآمدی مہنگائی روپے پر دباؤ کا باعث بن رہے ہیں۔آنند راٹھی شیئرز اینڈ اسٹاک بروکرز کے محقق جیگار ترویدی نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ بڑھتے ہوئے شرح سود اور تجارتی و کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے سبب روپے کی قدر کم ہو کر سال کے آخر تک 80 سے 81 روپے ہو جائے گی۔