سینئر صحافی عمران ریاض کی گرفتاری ، اسلام آباد ہائی کورٹ نے بڑا حکم جاری کردیا

اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے اینکر عمران ریاض کے وکیل کو لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔اینکر عمران ریاض خان کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللّٰہ نے سماعت کی۔چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے سماعت میں کہا کہ رات کو رپورٹ آئی ہے کہ اینکر عمران ریاض کو گرفتار کیا گیا ۔

عمران ریاض کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میرے مؤکل نے مجھے فون کر کے بتایا کہ وہ اسلام آباد ٹول پلازہ پر ہیں۔وکیل کا عدالت میں کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ میں پولیس نے عمران ریاض کے خلاف 17 مقدمات درج ہونے کی رپورٹ دی، لاہور ہائی کورٹ میں الگ سے توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔عمران ریاض کے وکیل نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کو رات کی ایف آئی آر سے متعلق نہیں بتایا گیا تھا بلکہ یہ چھپائی گئی تھی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہر عدالت کا اپنا دائرہ اختیار ہے، لاہور ہائی کورٹ اس معاملے کو دیکھ سکتی ہے، اٹک میں عمران ریاض خان کی گرفتاری ہوئی جو اس عدالت کا دائرہ اختیار نہیں بنتا۔عمران ریاض کے وکیل نے کہا کہ اس عدالت نے واضح احکامات دیے تھے جن کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ عمران ریاض خان کو اسلام آباد پولیس نے نہیں پنجاب پولیس نے گرفتار کیا ہے، ہم اس کیس میں کوئی آبزرویشن نہیں دے رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں