دادو میں تیزی سے پھیلنے والی بیماری لیشمینیا کیا ہے؟ جانیں اس سے بچاؤ کے آسان طریقے

سندھ کے شہر دادو میں تیزی سے لیشمینیا نامی بیماری پھیل رہی ہے جس سے اب تک 2400 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ اس آرٹیکل میں ہم بات کریں گے کہ یہ بیماری کیسے پھیلتی ہے اور لیشمینیا سے بچاؤ کس طرح ممکن ہے؟

لیشمینیا کیا ہے؟

لیشمینیا ایک جلدی بیماری ہے جو خاص قسم کی مکھی “سینڈ فلائی” کے کاٹنے سے پھیلتی ہے۔ اس مکھی کے کاٹنے سے جسم پر دانے اور خارش کے علاوہ بخار، کمزوری، ناک سے خون آنا اور سانس لینے میں دشواری اور مختلف قسم کے انفیکشنز اور بیماریاں بھی ہوسکتی ہیں۔ لیشمینیا کی کئی اقسام ہیں جن کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر اس کا علاج تجویز کرتے ہیں۔

اس سے بچاؤ کی کوئی ویکسین نہیں ہے

سینڈ فلائی ایک انتہائی چھوٹی مکھی ہوتی ہے۔ یہ مچھر سے بھی زیادہ چھوٹی ہوتی ہے اس لئے مشکل سے نظر آتی ہے۔ لیشمینیا سے بچاؤ کی فی الحال کوئی ویکسین نہیں بنائی گئی اس لئے اس سے بچاؤ کے لئے صرف احتیاطی تدابیر اپنائی جاسکتی ہیں۔ چند احتیاطی تدابیر ہمکے قارئین کے لئے نیچے بتا رہے ہیں۔

بچاؤ کی تدابیر

سینڈ فلائی اونچائی پر اڑنے کی طاقت نہیں رکھتیں اس لیے اونچے بیڈز اور پلنگ کا انتخاب کریں۔ زمین یا گدوں پر سونے سے گریز کریں۔

گھر کی تمام کھڑکیاں، دروازے، ڈکٹس بند رکھیں۔ جالیوں پر بھی بھروسہ نہ کریں کیونکہ سینڈ فلائی چھوٹے سوراخ سے بھی آسکتی ہیں۔

کمرے اور گھر کے دیواروں کو مکمل طور پر بند کرکے پردوں وغیرہ پر کیڑے مار دوائیوں کا اسپرے کرتے رہیں۔

مکمل آستین کے کپڑے پہنیں۔ متاثرہ علاقوں میں جسم کو ڈھکنا ضروری ہے۔

فجر اور شام کے وقت گھر سے باہر نکلنے سے پرہیز کریں کیونکہ اس دوران سینڈ فلائیز بہت زیادہ سرگرم ہوتی ہیں۔

ائیرکنڈیشنڈ میں رہنا بھی فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے اس کے علاوہ ممکن ہو تو پنکھا چلا کر رکھیں کیونکہ اس سے مکھیوں کو اڑنے میں دشواری ہوتی ہے۔

سونے کے لئے مچھر دانی کا استعمال کریں اور سونے والے کمرے میں باقاعدگی سے کیڑے مار دوائی کا اسپرے کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں