شادی کو 3 دن ہوئے، آج ولیمہ تھا، مگر دولہا جاں بحق ہوگیا ۔۔ کراچی میں ڈکیتی کی واردات نے گھر کی خوشیاں اُجاڑ دیں
کراچی میں دن رات بڑھتی ہوئی ڈکیتی کی وارداتیں نہ جانے کتنے لوگوں کو ابدی نیندیں سلا رہی ہیں۔ لاکھوں لوگوں کے گھر والوں کو خون کے آنسو رُلا رہی ہیں۔ ایسا ہی حالیہ واقعہ کراچی میں کشمیر روڈ پر پیش آیا جہاں ڈاکو ایک ماں بیٹی کو ان کے گھرکے باہر لُوٹ رہے تھے۔ جب بیٹا اپنی ماں اور بہن دونوں کو بچانے کے لیے آیا تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی، بیٹا جاں بحق ہوگیا۔ ستم ظریفی تو یہ ہے کہ اس بیٹے کی شادی کو 3 دن ہی ہوئے تھے اور گھر والے ولیمے کی تیاریوں میں مصروف تھے۔ شاہ رُخ ایک کار شو روم چلاتا تھا ۔واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پاکستان ایمپلائز کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) میں کشمیر روڈ کے قریب ماں اور بیٹی رکشے میں گھر کے باہر پہنچتی ہیں ۔ اچانک ایک موٹر سائیکل سوار ملزم انہیں گن پوائنٹ پر گھیر لیتا ہے۔ رکشے والا تو موقع سے فرار ہوجاتا ہے۔ لیکن جب خواتین نے گھر کا دروازہ بجایا تو نوبیاہتا دولہا باہر نکل کر آیا، اس نے اپنے گھر والوں کی جان بچانے کی کوشش کی۔ اسی دوران ڈاکوؤں کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔
زخمی شاہ رخ کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، لیکن وہ اس دنیا میں نہ رہا۔ شاہ رُخ کی یوں اچانک موت ان کے گھر والوں اور نوبیاہتا دلہن کے لیے کسی بڑے سانحے سے کم نہیں۔ لیکن ملک بھر میں خصوصاً کراچی میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے حکومت کی جانب سے کوئی خاطرخواہ حکمتِ عملی نہیں بنائی جا رہی۔