موبائل

ایک شخص کی شادی ایک انتہائی خوبصورت لڑکی سے ہوئی وہ کافی پڑھی لکھی ہونے کے باوجود گھر کے ہر کام میں ماہر تھی اور سارے گھر والوں کی خوب خدمت گزاربھی تھی ۔ اس کے خاوند سمیت سارا گھر انہ اس سے کافی خوش اور مطمئن تھا۔ ایک رات اس کے خاوند نےدیکھا کہ وہ لڑکی آہستگی سے بیڈ پر سے اتری اور دبے پاؤں اپنا موبائل ہاتھ میں لیے کمرے سے باہر نکل گئی ۔

اس لڑکی کو پتہ نہیں تھا کہ اس کا خاوند سویا نہیں بلکہ جاگ رہاتھا۔ اس کے شوہر کو اس پر شک ہوگیا تھا اور اس کے ذہن میں طرح طرح کے برے خیالات آنےلگے ۔

تھوڑی دیر بعد اس کی بیوی واپس آکر آرام سےاپنے خاوند کے ساتھ دوبارہ بیڈ پر لیٹ گئی۔ صبح وہ لڑکی ہنسی خوشی گھر کے کام کاج میں مصروف رہی جبکہ اس کا خاوند سارا دن سوچوں میں گم تھا اور را ت کا واقعہ اسے پریشان کیے ہوئے تھا۔ دوسری رات اس کے خاوند نے اپنا سم نکال کر اپنی بیوی کے موبائل میں ڈالا اور بیوی کا سم اپنے موبائل میں ڈال دیا۔ جب آدھی رات ہوئی تو اس کی بیوی نے پھر آرام سے موبائل اٹھایا اور کمرے سے باہر نکل گئی۔ اب تو خاوند کاشک مزید بڑھ گیا، اور وہ انتظار کرنے لگا کہ اب کوئی اس کی بیوی کے نمبر پر کال کرے گا لیکن کسی نے بھی کا ل نہیں کی اور اس کی بیوی خاموشی سے واپس آکر لیٹ گئی۔ بیوی کے سونے کے بعد اس کے خاوند نےاس کا موبائل چیک کیا تاکہ کال ریکارڈ سے پتہ چل سکے مگرنہ ہی اس کی بیوی کی طرف سے کسی کو کال گئی تھی

نہ ہی کسی اور نے اس نمبر پر کال کی تھی ۔ اس کے خاوند کو لگا کہ شاید اس کی بیو ی نے کال ریکارڈ ڈیلیٹ کردیا ہے۔ تیسری رات پھر ویساہی ہوا لڑکی کمرے سے باہر نکلی تو تھوڑی دیر بعد اس کا شوہر بھی چپ چاپ اس کے پیچھے چلاگیا تاکہ پتہ چل سکے کہ اس کی بیو ی آخر کرتی کیا ہے ۔ اس نے دروازے میں جھانک کر دیکھا تو کیا دیکھتا ہے کہ اس کی بیوی نے موبائل کی ٹارچ کو آن کیا ہوا ہے اورجائے نماز بچھا کر نماز پڑھنے میں مصروف ہے ۔ نماز پڑھنے کے بعد اس نے سلام پھیرا اور دعا کےلیے ہاتھ اٹھائے۔

وہ مدہم آواز میں دعا مانگنے لگی لیکن رات کی خاموشی کی وجہ سے اسکا شوہر اس مدہم آواز میں مانگے جانے والی دعا کو سن سکتا تھا۔ اس کی بیوی دعامانگ رہی تھی۔ اے میرے پروردگار! اگر میری عمر میرے خاوند کی عمر زیادہ ہوتو میری آدھی عمر میرے خاوند کو دے دے ۔ وہ اللہ سے اپنی اور اپنے خاوند کی مغفرت کی بھی دعا مانگ رہی تھی ۔ خاوند کی آنکھوں سے آنسوؤں کی جھڑی لگ چکی تھی ۔ وہ سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ اس کی بیوی اس سے اس حد تک پیار کرتی ہے۔ اور پھر بےاختیار اس کے خاوند کےہاتھ بھی دعا کےلیے اٹھے اور وہ بھی اپنی بیوی کےلیے دعا مانگنے لگا۔ اللہ تعالیٰ سب کو نیک شریک حیات عطا کرے۔ آمین۔

Leave a Reply

اپنا تبصرہ بھیجیں