وہ امریکی صدر جو کنپٹی پر پستول ہونے کے باوجود بچ گئے۔۔۔۔

قارئین آج کے اس کالم میں آپ کو تاریخ کے ایک اہم واقعہ سے آگاہ کریں گے۔ امریکہ کے چار صدور اب تک قتل ہو چکے ہیں۔ان میں امریکہ کے سولہویں صدر ابراہم لنکن، 35ویں صدر جان ایف کینیڈی، 20ویں صدر جیمز اے گارفیلڈ اور 25ویں صدر ولیم مک کنلے شامل ہیں۔

لنکن اور کینیڈی گولی لگنے سے ہلاک ہو گئے تھے تاہم جیمز گارفیلڈ گولی لگنے کے بعد آپریشن تھیٹر آلودہ ہونے کے سبب انفیکشن لاحق ہونے سے اور ولیم مک کنلے پیڑو میں گولی لگنے کے بعد گینگرین لاحق ہونے سے موت کے منہ میں گئے۔ ان چاروں کے علاوہ کئی دیگر امریکی صدور پر بھی حملوں کی منصوبہ بندیاں ہوئیں مگر وہ محفوظ رہے۔

ان محفوظ رہنے والے خوش قسمت صدور میں38ویں صدر جیرالڈ فورڈ بھی شامل ہیں جن کے قتل کی منصوبہ بندی بدنام زمانہ امریکی گینگ’ مینسن فیملی‘ نے کی تھی۔ یہ 5ستمبر 1975ءکا واقعہ ہے جب صدر جیرالڈ کیلیفورنیا سٹیٹ کیپیٹل بلڈنگ میں تقریب سے خطاب کرنے کے لیے گئے تھے۔

وہاں مینسن فیملی کی لینیٹ فروم نامی 27سالہ لڑکی پستول لے کر پہنچ گئی۔وہ پستول اندر لیجانے میں تو کامیاب ہو گئی، لیکن پستول چلانے میں اناڑی ہونے کی وجہ سے وہ گولی فائر کرنے میں ناکام رہی۔ لینیٹ اگلی قطار تک پہنچ گئی اور جب صدر جیرالڈ اندر آئے تو لینیٹ نے اپنی ٹانگ کے ساتھ لگا

پستول نکالا اور صدر جیرالڈ پر تان کر ٹریگر دبا دیا مگر اناڑی ہونے کی وجہ سے وہ نہیں جانتی تھی کہ اس پستول کی گولی جب تک مینوئیلی چیمبر میں نہ پہنچائی جائے فائر نہیں ہوتا۔ چنانچہ اس کا پستول تان کر ٹریگر دبانا بیکار گیا اوراسے گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتاری کے دوران لینیٹ نے بتایا تھا کہ وہ صدر جیرالڈ کی ان پالیسیوں کی وجہ سے انہیں قتل کرنا چاہتی تھی

جو فضائی آلودگی کا سبب بن رہی تھیں۔ اس نے کہاکہ وہ لوگوں کو صاف ہوا، صحت مندانہ پانی مہیا کرنے اور جنگلی حیات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے کے لیے صدر جیرالڈ کو قتل کرنا چاہتی تھی۔عدالت کی طرف سے لینیٹ کو عمر قید سنائی گئی اور اسے ویسٹ ورجینیا کی ایلڈرسن فیڈرل جیل میں قید کر دیا گیا۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ 22ستمبر 1975ءکوگرفتاری کے 17دن بعد لینیٹ کے خلاف اس مقدمے کی کارروائی شروع ہوئی اور اسی دن ساراجین مور نامی خاتون نے صدر جیرالڈ کو قتل کرنے کی کوشش کی اور پستول سمیت پکڑی گئی۔ صدر جیرالڈ پر یہ حملہ سین فرانسسکو میں ہوا تھا جہاں وہ ورلڈ افیئرز کونسل سے خطاب کرنے گئے تھے۔ سارا جین صدر جیرالڈ سے 40فٹ کے فاصلے پر تھی جب اس نے ریوالور سے فائر کیا اور گولی صدر کے سر سے 6انچ کے فاصلے سے گزر گئی۔

ایک سابق فوجی افسر نے سارا کو دبوچنے کی کوشش کی تاہم اس دوران اس نے دوسرا فائر کر دیا جو ایک سابق ٹیکسی ڈرائیور جان لوڈویگ کو لگا۔ گرفتاری کے بعد سارا کو بھی عمر قید کی سزا ہوئی اور اسے بھی اسی جیل میں بھیج دیا گیا جہاں لینیٹ قید تھی۔

ان دونوں نے بعد ازاں جیل سے فرار ہونے کی کئی کوششیں کیں مگر ناکام رہیں۔ 23دسمبر 1987ءکو لینیٹ اپنی تنظیم مینسن فیملی کے بانی چارلس مینسن سے ملنے کے لیے جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی تاہم اسے 2دن بعد ہی دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا۔

ان دوحملوں کے بعد صدر جیرالڈ نے بلٹ پروف اوور کوٹ پہننا شروع کر دیاتھا۔ انہوں نے 93برس عمر پائی اور 2006ءمیں اپنے گھر میں ان کا انتقال ہوا۔ وہ امریکہ کے اب تک کے طویل ترین عمر پانے والے صدر ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں