گھوسٹ شارک: کسی کو نظر نہ آنے والے مچھلی کے بچے کو تلاش کر لیا گیا

نیوزی لینڈ میں سائنسدانوں نے سمندر کی گہرائیوں میں رہنے والی ایک نایاب مچھلی ’گھوسٹ شارک‘ کے ایک بچے کو دریافت کیا ہے۔
 
گھوسٹ شارک جسے چیمیرا کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، بہت کم دیکھی جاتی ہے۔ گھوسٹ شارک کے بچے جوان گھوسٹ شارک کے مقابلے میں بہت کم دیکھے جاتے ہیں۔
 
حال ہی میں انڈے سے نکلنے والے گھوسٹ شارک کے بچے کو جنوبی جزیرے کے قریب سمندر کی ایک اعشاریہ دو کلومیٹر گہرائی سے پکڑا گیا ہے۔
 
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس دریافت سے گھوسٹ شارک کی نوجوانی کے مراحل کے بارے میں زیادہ معلومات حاصل ہو سکیں گی۔
 
گھوسٹ شارک کو ڈھونڈنے والی سائنسدانوں کی ٹیم کی ایک ممبر ڈاکٹر برٹ فنوچی نے بتایا ہے کہ گھوسٹ شارک کے بچے کی دریافت اتفاقیہ ہے اور یہ انھیں اس وقت ملی جب وہ زیر آب پائے جانے والی مخلوق کے بارے میں تحقیق کر رہے تھے۔
 
ڈاکٹر فنوچی نے بی بی سی کو بتایا کہ ’گہرے پانیوں میں پائی جانے والی اقسام کو ڈھونڈنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ گھوسٹ شارک کا شمار بھی ایسی ہی اقسام میں ہوتا ہے۔ یہ بہت ہی نایاب ہے اور یہ عام طور پر دیکھنے میں نہیں آتی۔‘
 

گھوسٹ شارک کے انڈے ایسے نظر آتے ہیں
 
نیشنل انسٹیٹوٹ آف واٹر اینڈ ایٹماسفیرک ریسرچ کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ملنے والی گھوسٹ شارک حال ہی میں انڈے سے نکلی اور اس کے پیٹ کے ساتھ ابھی تک انڈے کی رطوبت لگی ہوئی تھی۔
 
گھوسٹ شارک سمندر کی تہہ میں انڈوں میں پرورش پاتی ہیں اور جب تک وہ انڈے سے باہر نہیں آ جاتی اس وقت تک وہ انڈے میں موجود رطوبت پر انحصار کرتی ہیں۔
 
ڈاکٹر فنوچی کا کہنا ہے کہ جوان گھوسٹ شارک میں مختلف خصوصیات سامنے آتی ہیں اسی وجہ سے یہ دریافت بہت اہم ہے۔
 
نوجوان گھوسٹ شارک بالکل مختلف ماحول میں رہ سکتی ہیں۔ ان کی خوراک بھی مختلف ہوتی ہے اور وہ جوان گھوسٹ شارک سے بہت مختلف دکھائی دیتی ہیں۔
 
ڈاکٹر فنوچی نے کہا کہ ایک نوجوان شارک کی دریافت اس نسل کی بائیولوجی کو سمجھنے میں مددگار ہو سکتی ہے۔
 
ڈاکٹر فنوچی کا کہنا ہے کہ ان کا پہلا قدم بے بی شارک کی اقسام کو تلاش کرنا ہے۔
 
’ہم اس کے جینیاتی اور ٹشوز کے نمونے حاصل کریں گے اور اس پر مختلف تجربات کریں گے جس سے پتا چل سکے گا کہ ہم کون سی قسم کو دیکھ رہے ہیں۔‘
 
گھوسٹ شارک اصلی شارک مچھلی سے مختلف ایک قسم ہے جو شارک اور ریے کی نسل سے قریب ہے۔
 
گھوسٹ شارک کی زیادہ اقسام سمندر کی گہرائی میں رہتی ہیں۔ البتہ کچھ اقسام ساحل کے قریب کم گہرے پانیوں میں رہنا پسند کرتی ہیں۔
 

اپنا تبصرہ بھیجیں