بھائی تھک جاتا ہے تو گود میں اٹھا کر قرآن پاک پڑھنے جاتی ہوں۔۔ ننھی بچی اپنے بھائی کا خیال کیسے رکھتی ہے؟

میرا بھائی چھوٹا ہے وہ تھک جاتا ہے تو اسے گود میں اٹھا کر مدرسے لے جاتی ہوں اور قرآن پاک پڑھتی ہوں۔

یہ الفاظ کہنے والی بچی خود بھی اپنے بھائی سے محض چند سال ہی بڑی ہوگی لیکن کیا کیجیے کہ بڑی بہن کی اپنے چھوٹے بھائی کے لئے محبت اور شفقت ماں سے کم نہیں ہوتی بھلے بھائی چند برس ہی چھوٹا کیوں نہ ہو۔ یہ معصوم بچی بھی اپنے بھائی کو اسی طرح پیار کرتی ہے۔

ویڈیو بنانے والے نے جب بچی سے پوچھا کہ وہ بھائی کو اٹھائے کیوں ہے تو اس نے بہت معصومیت سے کہا کہ یہ تھک جاتا ہے۔ بھائی سے بہت پیار کرتی ہوں اس لئے اسے اٹھا لیتی ہوں۔ مہک عامر نامی بچی کا کہنا تھا کہ اس کے والد ٹیلر ہیں اور کپڑوں کی سلائی کا کام کرتے ہیں جب کہ والدہ بھی کام کرتی ہیں۔

ویڈیو بنانے والے نے دونوں بچوں کے پیر میں خستہ حال جوتے دیکھے تو مہک کو تھوڑے پیسے دیے تاکہ وہ اپنے اور اپنے بھائی کے لئے جوتے خرید سکے۔ بلاشبہ بہن بھائی کی محبت کی یہ مثال بہت خوبصورت ہے لیکن بچپن میں ایک دوسرے سے بے پناہ پر خلوص محبت کرنے والے بھائی بہن بڑے ہوکر اکثر مادیت پرستی کا شکار ہوجاتے ہیں۔ کاش کہ ہر بہن بھائی ہمیشہ اسی طرح ایک دوسرے سے محبت کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں