وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا

 اسلام آباد:  وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان اور آئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدے کی تصدیق کردی۔

قوم سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ  جس وقت ہم نے حکومت سنبھالی تو تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی تھیں جبکہ مہنگائی بھی بہت زیادہ تھی مگر آج عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہورہی ہیں، میں اپنے وعدے کے مطابق قوم کو ریلیف دے رہا ہوں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ڈیزل کی مد میں 40 روپے 54 پیسے جبکہ پیٹرول کی مد میں 18 روپے پچاس پیسے کی کمی جارہی ہے، جس کا اطلاق 14 جولائی کی رات بارہ بجے سے ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف سے جو سخت معاہدہ کیا تھا اسے جاتے ہوئے تہس نہس کر دیا، جب ہم آئے تو مہنگائی عروج پر تھی اور تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی تھیں، ہمیں سر منڈواتے ہی اولے پڑے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے یہ کام ہماری حکومت کو مشکلات میں ڈالنے کیلئے کیا، تیل کی قیمتوں میں کمی کیلئے خزانے میں پیسے نہیں تھے، جس کی وجہ سابق حکومت تھی، جس نے معیشت کو تباہ کرنے کے لیے بارودی سرنگیں بچھائیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدے طے پاچکا ہے، جس کا سہرا وزیر خزانہ اور اُن کی ٹیم کو جاتا ہے، مگر کچھ قومیں ایسی بھی تھیں جنہوں نے سالوں پہلے آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کرلیا، ہماری دعا اور خواہش یہ ہے کہ یہ ہمارا بھی آخری معاہدہ ہو اور پھر ہم خود اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کی کوشش کریں اور خود کفیل ہوجائیں مگر اس کے لیے تھوڑا مشکل راستہ طے کرنا اور اللہ کی ذات پر بھروسہ کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جو قومیں تباہ ہوگئیں تھیں انہوں نے مشکل وقت گزار اور آج وہ ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے آسمان تک پہنچ گئیں ہیں، ہم بھی اگر شبانہ روز محنت کریں تو انشاء اللہ مسائل حل ہوجائیں گے، اتحادی حکومت مل کر پاکستان کو درست سمت میں تیزی سے لے کر جارہی ہے، آپ یقین رکھیں کہ اچھا وقت ضرور آئے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہمیں تیل کی قیمتوں میں کمی کا موقع ملا ہے جس کی وجہ عالمی منڈی میں گرتی ہوئی قیمتیں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں